بھٹکل21؍مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل ساگر روڈ پرپینے کے پانی کی صفائی کے لئے قائم ٹریٹمنٹ پلانٹ سے ضائع ہونے والے پانی کا صحیح استعمال کرنے کے لئے بھٹکل فائر بریگیڈ عملے میں شامل رمیش شیٹی نے اپنے طور پر اسے محفوظ کرنے کا انتظام کردیا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ ایک مدت سے ٹریٹمنٹ پلانٹ سے چھوڑا جانے والا غیر مصفّااورآلائش والاپانی سڑک اور اطراف میں بہتا رہتاتھا جس سے موٹر گاڑیوں کے علاوہ یہاں کے مقامی افراد کو بڑی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔ بلدیہ کے افسران کے علم میں یہ بات بار بارلائی گئی تھی مگر اس کا کوئی حل نہیں نکل رہا تھا۔ اب فائربریگیڈ عملے میں شامل رمیش شیٹی نے اپنی جیب سے تقریباً19ہزار روپے خرچ کرتے ہوئے فائر بریگیڈ دفتر کے احاطے میں ایک ٹینک تعمیرکی ہے اورپہاڑی پر موجود ٹریٹمنٹ پلانٹ سے خارج ہونے والے پانی کو پائپ کے ذریعے اس ٹینک تک لاکر اسے ذخیرہ کرنے اور آگ بجھانے کے لئے اس پانی کا استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
مقامی عوام کی طرف سے رمیش شیٹی کے اس اقدام کی ستائش کی جارہی ہے اور پانی کو ضائع ہونے سے بچانے اور پینے کے لئے ناقابل استعمال پانی کو دوسرے مقصد کے لئے ذخیرہ کرنے کی تدبیر کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔